پاکستانی حکومت نوجوان افرادی قوت کے ساتھ ملک کو دنیا میں آئی ٹی کا بڑا ملک بنانے کے لئے پرعزم ہے ،برطانوی سائنسی جریدے نیچر کی رپورٹ

اسلام آباد (نیوز ایجنسی) : پاکستان کی حکومت بھر پور نوجوان افرادی قوت کے ساتھ ملک کو دنیا میں آئی ٹی کا بڑا ملک بنانے کے لئے پرعزم ہے ، حکومت نےملک بھر میں آئی ٹی کی صنعت کو فروغ دینے کی کوششوں میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز تیارکرنے کا ایک سلسلہ قائم کیا ہے تاکہ آئی ٹی کمپنیوں کو ترجیحی حیثیت فراہم کی جاسکے ،
جنوری 2021 میں حکومت نےسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی قائم کی اور اس کے ساتھ ہی دارالحکومت اسلام آباد میں پہلا خصوصی ٹیکنالوجی زون قائم کیا،دسمبر میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دوسراخصوسی زون کھولاگیا جبکہ 2022 اور اس کے بعد مزید ایسے زونز قائم کرنے کا منصوبہ ہے، پاکستان کی سائنسی تحقیقی صلاحیتوں کو دنیا بھر میں بہت سراہا گیا ہے۔
برطانیہ کے ہفت روزہ سائنسی جریدے “نیچر” کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سائنسی تحقیقی آئوٹ پٹ میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس کا یہ ٹریک ریکارڈ دنیا میں سرفہرست ہے جو چین کی 15فیصد سائنٹفک ریسرچ آئوٹ پٹ سے زیادہ ہے ،اگر پورا ملک آئی ٹی کی ترقی کے لئے مل کر کام کرے تو خصوصی زونز میں زبردست کامیابیاں حاصل ہو سکتی ہیں۔
جریدے کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 23 دسمبر 2021 کولاہور میں خصوصی ٹیکنالوجی زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی دنیا کا مستقبل ہے،
ہم آئی ٹی انقلاب کے ذریعے اپنی ترقی کو تیز کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے امریکا میں گوگل اور ایمیزون جیسی بڑہی آئی ٹی کمپنیوں کی مثال دی جن کی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کووڈ وباکے پھیلاؤ نے دنیا کو کساد بازاری میں دھکیلا مگر آئی ٹی کمپنیاں تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔ اسلام آبادمیں جاپانی سفارت خانے کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری گزشتہ چند سالوں میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے،اس کی (جولائی تا دسمبر 2020) برآمدات 821.61 ملین ڈالر رہیں، 60 فیصد سے زائد نوجوانوں کی بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس شعبے میں پاکستان کی ترقی کے شاندار امکانات موجود ہیں ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز کی وسعت کے ساتھ پاکستان کی یہ بڑی صلاحیت آئی ٹی کے شعبے کی ترقی میں انقلاب برپا کر سکتی ہے ،پاکستان میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس،بزنس پراسیس آؤٹ سورسنگ کمپلیکس کی تحقیق و ترقی کی سہولیات پہلے ہی موجود ہیں،
جاپانی سفارت خانے کے مطابق ٹیکنالوجی زون میں شرکت کی خواہش مند غیر ملکی کمپنیوں کے لئے پرکشش مراعات بھی دی گئی ہیں جن میں انکم ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس سے 10 سال تک چھوٹ ، پاکستان میں درآمد ہونے والے آئی سی ٹی (انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی) سے متعلقہ مواد اور آلات پر کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ ، سپیشل ٹیکنالوجی زونز میں استعمال ہونے والے سامان اور خدمات پر کنزمپشن ٹیکس سے استثنیٰ،
منافع آمدن پر ٹیکس سے 10 سال کی چھوٹ سمیت بلاتعطل بجلی، انٹرنیٹ تک رسائی اور دیگر جدید صنعتی انفراسٹرکچر کی فراہمی شامل ہے ۔ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں آئی ٹی کمپنیوں کی تعداد تقریباً 2,950 ہے اور یہ ملک اپنی بھرپور نوجوان افرادی قوت کے ساتھ مستقبل میں سرمایہ کاری کا ایک حوصلہ افزا مقام بن سکتا ہے۔
One Comment